نئی دہلی،30؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) یوگی حکومت نے یوپی میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو لے کر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف یوپی حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے او بی سی ریزرویشن دیے بغیر الیکشن کرانے کا کہا تھا۔ ہائی کورٹ نے جنوری میں ہی انتخابی عمل مکمل کرنے کو کہا تھا۔ اس معاملے کی سماعت 2 جنوری کو سپریم کورٹ کے کھلنے پر ہو سکتی ہے۔ دراصل الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے کہا تھا کہ اس بار ریاست میں بلدیاتی انتخابات او بی سی ریزرویشن کے بغیر ہوں گے۔یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت (یوگی حکومت) نے یوپی میں یوپی بلدیاتی انتخابات میں او بی سی ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے 5 رکنی پسماندہ طبقاتی کمیشن تشکیل دیا ہے۔ حکومت کی طرف سے تشکیل دیا گیا یہ کمیشن معیارات کی بنیاد پر پسماندہ طبقات کی آبادی کا سروے کرنے کے بعد حکومت کو رپورٹ دے گا۔ ریٹائرڈ جسٹس رام اوتار سنگھ کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس کمیشن کے ارکان میں مہندر کمار، چوب سنگھ ورما، سنتوش وشوکرما اور برجیش سونی شامل ہیں۔اس سے قبل 27 دسمبر کو یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت بلدیاتی انتخابات میں کمیشن قائم کرے گی اور او بی سی شہریوں کو ٹرپل ٹسٹ کی بنیاد پر ریزرویشن کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس کے بعد ہی شہری اداروں کے عام انتخابات کرائے جائیں گے۔